کراچی(پی پی آئی)کراچی میں کار ساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کے خلاف منشیات استعمال کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ یاد رہے کہ 11 ستمبرکے روز کراچی شرقی کی عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کار ساز حادثہ کیس کی ملزمہ کی منشیات کے استعمال کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر سماعت کے بعد فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سیشن عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ پر آئس کے استعمال کے الزام کے پیشِ نظر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔ پی پی آئی کے مطابق خیال رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔