حکومت سندھ نے صوبائی محتسب کی تعیناتی کا اختیار وفاق سے چھین کر غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کیا ہے،پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

کراچی (پی پی آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی جانب سے صوبائی محتسب تعیناتی بل کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس ارباب علی ہاکرو پر مشتمل دورکنی بنچ نے کی۔پاسبان کی درخواست کی پیروی خرم لاکھانی ایڈووکیٹ کررہے ہیں۔جسٹس یوسف علی سعید نے پاسبان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا یہ وہی کیس ہے جس میں گورنر سے اختیارات چھین لئے گئے؟ خرم لاکھانی ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ جی ہاں یہ وہی کیس ہے۔ سابق چیف جسٹس سندھ کے دورکنی بنچ میں آپ بھی شامل تھے اور متعدد بار اس کیس کو سنا جاچکا ہے۔ جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ چار ہفتے میں وقت مقرر کرتے ہیں تاکہ تمام فریقین موجود ہوں۔ معزز عدالت نے سماعت چار ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔ الطاف شکور کی جانب سے دائر کردہ آئینی درخواست نمبر CP-929/2020میں موٗقف اختیار کیا گیا کہ حکومت سندھ نے صوبائی محتسب کی تعیناتی کا اختیار وفاق سے چھین کر غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کیا ہے۔ اس بل کو کالعدم قرار دیا جائے۔سماعت کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور اور ایڈووکیٹ خرم لاکھانی نے کہا کہ پاسبان صوبائی محتسب کے ادارے کو آزاد بااختیار ادارہ دیکھنا چاہتی ہے تاکہ سندھ کے اداروں کوسنوارا اور عوام کا خدمتگار بنایا جاسکے۔ سندھ کے عوام نے عدلیہ سے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔امید ہے کہ عدلیہ سندھ کے عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کی تعیناتی کا اختیار اگر سندھ حکومت کے پاس ہوگا تو یہ کیسے ممکن ہے کہ سندھ کے اداروں میں کرپشن اور عوامی شکایات پر محتسب آزادی کے ساتھ کاروائی کا اختیار رکھ پائے۔سندھ حکومت اگر عوام کی ہمدرد ہوتی تو آج سندھ خوشحال ہوتا۔ سندھ کے اداروں میں کرپشن نہ ہوتی۔ 17سال سے سندھ پر حکمرانی کرنے والوں نے سندھ کے اداروں کو مفلوج کیا اور عوام کو مسائل کے انبار کے سوا کچھ بھی نہیں دیا۔پہلے زمینوں پر اور اب اداروں پرقبضے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کے سندھ حکومت کے ما تحت ہونے سے نہ صرف اس کے اختیارات سلب ہوگئے ہیں بلکہ قو انین بھی متاثر ہوئے ہیں۔ لگتاہے کہ حکومت سندھ نہیں چاہتی کہ ادارے عوام کے خدمتگار بنیں۔ وڈیرہ شاہی اور لٹیرا شاہی کے ہاتھوں سندھ تباہ و برباد ہوچکا ہے #

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

  شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

Wed Oct 2 , 2024
اسلام آباد  (پی پی آئی)وزیرداخلہ محسن نقوی کے زیرصدارت آج(بدھ) اسلام آباد میں ایک اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے لئے سکیورٹی سمیت دوسرے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے موقع پر جامع حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کیلئے ایک لائحہ […]