کراچی(پی پی آئی) صدر آصف علی زرداری نے پاک سعودی تعلقات کودیرپا تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اشتراک عمل سے دونوں برادر ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے زیرقیادت وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کہی۔صدر نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے عزت و احترام کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے یکجہتی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہو ں نے وژن دوہزار تیس کے تحت سعودی عرب کی شاندار ترقی کی بھی تعریف کی اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کی مسلسل مدد کرنے پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا۔خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی تذویراتی و جغرافیائی اہمیت اور قدرتی وسائل اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات سے بخوبی آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا اس حوالے سے ان کا وفد پچیس مختلف معاہدوں پر دستخط کرے گا جن سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کوفروغ ملے گا۔فریقین نے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پرزور دیا۔