اسلام آباد(پی پی آ ئی(پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مسودہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد تیارکیاگیا ہے۔رات اسلام آباد میں جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی آئینی ترمیم پر مثبتردعمل دیں گی کیونکہ ان کے تمام تحفظات دور ہو چکے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ 18ویں ترمیم کی طرح 26ویں ترمیم بھی مکمل سیاسی اتفاق سے لائی جائے۔ انہوں نے جے یو آئی(ف) سے آئینیپیکج پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی درخواست کی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئینی ترمیم پر پیپلز پارٹی کے ساتھ ایک ماہ سے زیادہ بات چیت ہوئی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آئینی پیکج کے حوالے سے اب کوئی متنازعہ نکتہ نہیں رہا۔