کراچی (پی پی آئی)ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ اور ایس ایس پی گھوٹکی حفیظ الرحمٰن بگٹی کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد دونوں افسران کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔پی پی آئی کے مطابق الزامات کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی سندھ عمران یعقوب منہاس کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 7 دن میں تحقیقات مکمل کرکے سندھ پولیس آفس کراچی کو رپورٹ پیش کرے گی۔سندھ پولیس آفس کے اعلامیہ کے مطابق ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ کا فوری طور پر تبالہ کرتے ہوئے انہیں سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج کو ناصر آفتاب کو ڈی آئی جی سکھر کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی گھوٹکی حفیظ الرحمٰن بگٹی کو فوری طور پر سی پی او آفس کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے نیز ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کو ایس ایس پی گھوٹکی کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔