لندن(پی پی آئی)سول سوسائٹی کے ارکان نے لندن میں امریکی سفارتخانے کے سامنے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل کے مطابق سول سوسائٹی کے کارکنان بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے لندن میں امریکی سفارت خانے کے سامنے جمع ہوئے اور وہ کافی دیر تک ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے نعرے لگاتے رہے۔نائن الیون کے متاثرہ، بگرام اورگوانتاناموبے کے سابق قیدی معظم بیگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان رہنما جو گوانتاناموبے کے قیدی تھے اب افغانستان حکومت میں وزیر بن چکے ہیں۔ امریکی حکومت گوانتاناموبے کے ان قیدیوں سے مذاکرات کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو قید رکھنے سے امریکہ کو کچھ نہیں ملے گا۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی نڑاد ڈاکٹر لیلیٰ مہرالنسانے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی ناانصافی کا شکار ہیں، انہیں اب رہا کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ پاکستانی شہری ہیں۔ یہ سوچنا انتہائی اذیت کا باعث ہے کہ پاکستانی حکومت اور معاشرے نے ان کے ساتھ کیا کیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے امریکی صدر جو بائیڈن سے اپیل کی کہ وہ ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا حکم دیں