کراچی (پی پی آئی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مختلف محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پائپ لائن اور بعض منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء ، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن، وزیر توانائی ناصر شاہ، وزیر صنعت جام اکرام، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین سینیٹ نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیپلز بس سروس، الیکٹرک بسوں اور پنک بسوں کی شمولیت سے فرق پڑا ہے لیکن اس کے باوجود شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بسوں کے ایک بڑے بیڑے کی ضرورت تھی۔وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار شہری نقل و حرکت کو فروغ دینے کے لیے ان کے محکمے نے انہیں شہر کے ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک میں 500 مکمل الیکٹرک بسیں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے مسافروں کے تجربے میں اضافہ ہوگا، ٹریفک کی بھیڑ میں کمی آئے گی اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔