پیرس، (پی پی آئی) فرانس کے دارلحکومت پیرس میں کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی نکالیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 27 اکتوبر 1947 کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر پر قبضہ کر لیا تھا۔جموں و کشمیر ڈیموکریٹک احتجاجی ریلی کا اہتمام فورم فرانس کے چیئرمین مرزا آصف جرال نے کیا ہے۔ احتجاج کا مقصد بھارت کو یہ مضبوط پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام کبھی بھی بھارت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور اسکے غیر قانونی تسلط کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔دریں اثنا منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیراہتمام بھی 28 اکتوبر کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی پروگرام میں بھرپور شرکت کرے گی۔