کراچی (پی پی آئی)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام پیر کو یوم سیاہ منانے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر ایس ایم آئی یو ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کی اور اس میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، تعلیمی شعبوں کے چیئرپرسنز، افسران، دیگر ملازمین اور طلبانے شرکت کی۔ واکسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی مین بلڈنگ سے شروع اور یونیورسٹی ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔قبل ازیں ایس ایم آئی یو کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ نے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں یکجہتی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اپنے خطاب میں کشمیر پر بھارت کے قبضے اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی۔