مظفر آباد(پی پی آئی)صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہمسلم اْمہ کو یکجا ہو کر دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرے کیونکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھی کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں اور اسرائیل نے مظلوم فلسطینیوں پر بمباری کر کے اْن کا قتل عام شروع کر رکھا ہے۔ سعودی عرب میں مقیم کشمیریوں کا وہاں کے قوانین کے مطابق مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اْجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ صدارتی سیکرٹریٹ،ایوان صدر،کشمیر ہاؤس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اعزازی صدارتی مشیر برائے سعودی عرب چوہدری صغیر احمد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اْجاگر کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں ہماری یہ جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔