کراچی (پی پی آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے میگاسٹی کراچی اور دیگر شہری مراکز کو نیا بلدیاتی نظام دینے کے لیے جاری سیاسی کوششوں کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کو میگا سٹی کے حصول کاعلمبردار ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی مجوزہ ترمیم لاتا ہے پی ڈی پی اس کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کی وسیع پیمانے پر مقامی حکومتی اصلاحات کے لیے 27ویں ترمیم لانے کی کوششیں بشمول 5 ملین سے زیادہ آبادی والے شہروں کو میٹروپولیٹن سٹی گورنمنٹ کا درجہ دیناتاریخی نوعیت کے اقدامات ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دیگر سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ کراچی کو میگا سٹی / میٹروپولیٹن سٹی گورنمنٹ کا درجہ دینے کی حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ کراچی ایک بڑا میگا سٹی ہے اور اس کا انتظام موجودہ لوکل گورنمنٹ کے طریقوں سے نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس کی مخصوص ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقامی حکومتی نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی طویل عرصے سے کراچی کو میگا سٹی/چارٹرڈ سٹی کا درجہ دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کے نام سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اسے کراچی اور اس کے شہریوں کی میگا سٹی کی ضروریات کو پورا کرنا چاہیے۔