دہلی/سری نگر/مقبوضہ کشمیر(پی پی آئی)سینئر کشمیری حریت پسند رہنما اورجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے دہلی کی تہاڑ جیل کے حکام کی طرف سے انہیں طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ یاسین ملک نے یکم نومبرسے تہاڑ جیل نئی دہلی میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یاسین ملک کو جو عدم تشدداورپرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اورتنازعہ کشمیرکے حل کے لیے مذاکرات کے حامی ہیں،سیاسی نظریے کی بنیاد پرانتقام کا نشانہ نہیں بنایا جا نا چاہیے۔ ترجمان نے یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مناسب طبی سہولیات سے محرومی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جسے عالمی اداروں بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے عالمی رہنماؤں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کی زندگی بچانے کے لیے مداخلت کریں۔