اسلام آباد(پی پی آ ئی) پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اضافی مستقل نشستیں تخلیق کرنے کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک بیان دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ نئے مستقل ممبران کی شمولیت سے سکیورٹی کونسل مفلوج ہوجائے گی۔منیر اکرم نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کے مستقل اراکین کی نااہلی اور فیصلہ کن کارروائی پر عدم اتفاق کی وجہ سے غزہ میں نسل کشی کی جنگ جا ری ہے جو عالمی امن اور تحفظ کو لاحق خطرات کے خلاف موثر جوابدینے میں اسی کی ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ گیارہ سے بارہ غیر مستقل اراکین کی شمولیت کی تجویز سے نہ صرف چھوٹی ریاستوں کو نمائندگی حاصل ہوگی بلکہ کونسل کے اندر پانچ بڑے مستقل اراکین کے اثر و رسوخ اور درمیانی ریاستوں کے درمیان طاقت کے توازن سے احتساب اور جمہوریت کا قیام بھی ممکن ہوگا۔