کوئٹہ (پی پی آئی) نو سالہ مغوی طالب علم محمد مصور کاکڑ کی بحفاظت بازیابی کیلئے اس کے لواحقین نے اتوار کو سرینا چوک ایک بار پھر دھرنا دے کربند کر دیا، مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا کہ مغوی مصور کاکڑ کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق مغوی ن طالب علم محمد مصور کاکڑ کے لواحقین نے محمد مصور کاکڑ کے اغوا کے خلاف سرینا چوک کے قریب زرغون روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکام کی یقین دہانی پر انہوں نے دو بار احتجاج ختم کیا لیکن حکومت کی جانب سے مغوی کی بازیابی کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مغوی لڑکے محمد مصور کاکڑ کی بازیابی تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ سرینا چوک پر احتجاجی دھرنے کے باعث کوئٹہ کے ٹی اینڈ ٹی چوک، پشین اسٹاپ، میزان چوک، جناح روڈ اور انسکومب سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل برشور کے معروف تاجر حاجی راز محمد کاکڑ کے بیٹے کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت اغوا کیا جب بچہ محمد مصور کاکڑ کوئٹہ میں اسکول وین میں تھا۔