کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے پچاس طلباء میں اسکالرشپس کی تقسیم

کراچی (پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کوئی باہر سے آکر اس شہر کو ٹھیک نہیں کرے گا، ہم سب نے ہی مل کر اسے ٹھیک کرنا ہے، بہتری کی جانب سفر کے لئے ہمیں تفریق کو اپنے ذہنوں سے نکالنا ہوگا، اچھے اور ق، اچھے اور قابل ڈاکٹرز کی ہمارے معاشرے کو ضرورت ہے،کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا خواب کراچی والوں نے دیکھا تھا جس کا وعدہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کیا اور اسے پورا کرکے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا،اس یونیورسٹی کے مسائل حل کیے جائیں گے اور اسے پاکستان کی بہترین یونیورسٹی بنایا جائے گا، یہ بات انہوں نے منگل کے روز کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے پچاس طلباء میں اسکالرشپس کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرمیٹروپولیٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر وسیم قاضی، رجسٹرار محمود خان اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ آج کے ایونٹ کو اقبال ڈے سے منسوب کیا گیا ہے،علامہ اقبال نے آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا مگر معاملات خواب دیکھ کر ختم نہیں ہوتے، ان کی تعبیر پانے کے لیے ہمیں محنت کرنی پڑتی ہے، جب اللہ تعالیٰ نے پہلی بار کے ایم سی کی قیادت کرنے کا موقع دیا تو اس کالج کے بچے بچیاں میرے پاس آئے اور انہوں نے اس کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دلوانے کے لئے مدد مانگی، اس کالج کو یونیورسٹی بنانے کا خواب 2021 میں نہیں دیکھا گیا، انتظامیہ عرصہ دراز قبل سے اس کوشش میں تھی مگر کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ پیپلزپارٹی نے دیا، انہوں نے کہاکہ ادارے تو بن جاتے ہیں لیکن چل نہیں پاتے، سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عباسی شہید اسپتال بنایا تھا لیکن ہم اسے چلا نہیں پاتے، ہمارے ہاں منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اور مثبت چیزو ں کو فراموش کردیاجاتا ہے،کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے اساتذہ، عملے اور یہاں تعلیم حاصل کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ اس ادارے کو اون کریں اور اسے خوب سے خوب تر بنائیں۔ میئر کراچی نے کہاکہ یونیورسٹی کے باصلاحیت طلبا کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی،اساتذہ کرام بھرپور توجہ اور لگن کے ساتھ طلباء کو تعلیم دیں اورطلباء اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ میں اس شہر کے اسکولوں میں پڑھا ہوں، کراچی یونیورسٹی اور سرکاری کالج کا پڑھا ہواہوں، مڈل کلاس فیملی سے تعلق ہے،اس شہر کی بسوں میں گھوماہوں اور اسی شہر کے کھیل کے میدانوں میں کرکٹ کھیلی ہے، ہم سمجھ بوجھ کر سیاست میں آئے کہ اپنے شہر کے گلی، محلوں اور شہر کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے، ماضی میں کراچی کے سرکاری تعلیمی اداروں میں باہر سے لوگ تعلیم حاصل کرنے آتے تھے، اگر ہم پھر سے محنت کریں توکوئی وجہ نہیں کہ وہی مقام اور معیار دوبارہ حاصل نہ کرسکیں۔ قبل ازیں کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیمقاضی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہاکہ ہمیں آج بہت خوشی ہے کہ اپنے میئر کو کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو میئر کراچی نے کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا درجہ دلوایا ہے اور اب یہاں نرسنگ کالج کا قیام بھی عمل میں لانے جا رہے ہیں، ہمیں اس یونیورسٹی کے معیار کو بلند رکھنے کیلئے بین الاقوامی رابطہ کو بھی بہتر بنانا ہے، کے ایم سی اور کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے مابین جلد ایک معاہدہ ہوگا اور یہاں طلباء کے لیے عالمی سطح کا جمنازیم بنایا جائے گا، اس کے علاوہ میئر صاحب یہاں ایک گرلز کامن روم بھی بنا رہے ہیں جسے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی والدہ محترمہ فوزیہ وہاب سے منسوب کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

بی جے پی نے جموں خطے کے لئے کچھ نہیں کیاہے: فاروق عبداللہ

Tue Nov 19 , 2024
سرینگر (پی پی آئی) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کو جموں خطے کی کوئی فکر نہیں اور اس نے خطے کی ترقی کو نظر انداز کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں خطے میں سڑکوں […]