راولاکوٹ/آزاد کشمیر(پی پی آئی) جامعہ پونچھ کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکرسے سماجی تنظیم ”لوک سنگی“ کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے راولاکوٹ او ر گرد و نواح میں ”ماحولیاتی آلودگی“ اور باالخصوص آلودہ پانی کے استعمال سے شہریوں کی صحت کو درپیش خطرات اور اس تناظر میں لوک سنگی تنظیم کے اقدامات سے آگاہ کیا۔جامعہ پونچھ کے ترجمان کے مطابق وفد نے وائس چانسلر سے شہر میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے جامعہ پونچھ سے ٹیکنیکل سپورٹ کی درخواست کی۔وفد نے کہا کہ جامعہ پونچھ میں ماحولیات کے حوالے سے ایک شعبہ کام کررہا ہے جو راولاکو ٹ کے شہریوں پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں ہمیں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتا ہے۔وائس چانسلرنے وفد کو یقین دلایا کہ جامعہ پونچھ شہرمیں سہولیات سے استفادے اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک اہم سٹیک ہو لڈر ہے اس لئے شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے اور باالخصوص صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے۔انھوں نے شعبہ انوائرنمنٹل سائنسزکے چیئرمین اور دیگر فیکلٹی ممبران کو کمیونٹی کیساتھ رابطے میں رہنے اور تکنیکی معاونت کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ آلودہ پانی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہے۔اس کیلئے کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کرنا ہو گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالخالق،پروفیسر ڈاکٹر امتیاز حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔