کوئٹہ (پی پی آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صنعتوں کے قیام کے لیے سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔حکومت بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سرمایہ کاروں کو بلا خوف و خطر بلوچستان آنے کی تاکید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو گیس، پانی، ڈھانچے اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بعد بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں ”بزنس سمٹ“ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے صوبے میں سہولتی مراکز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔