کوئٹہ کا کمسن مغوی مصور کاکڑ تاحال بازیاب نہیں ہوسکا،کل صوبہ بھر میں پہیہ جام کاانتباہ

کوئٹہ(پی پی آئی) کوئٹہ کے علاقے پٹیل باغ سے15 نومبر کو اسکول وین سے اغوا ہونے والا دس سالہ محمد مصور کاکڑ تاحال بازیاب نہیں ہوسکاہے۔ جس کے بعد مصور کاکڑ کے اغوا کے خلاف 23 نومبر 2024 کو صوبے کی اہم شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق 15 نومبر کو کوئٹہ کے علاقے پٹیل باغ میں تین مسلح افراد نے اسکول وین کو روکا اور دس سالہ بچے محمد مصور کاکڑ کو اغوا کر لیاتھا۔ بچے کے والد راز محمد کاکڑ سونے کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کی کوئٹہ کے علاقے لیاقت بازار میں دکان ہے۔ پی پی آئی سے بات کرتے ہوئے، مغوی بچے کے چچا حاجی ملنگ کاکڑ نے کہا، “ہم تاجر ہیں جن کی کسی سے کوئی قبائلی دشمنی یا کاروباری تنازع نہیں ہے”، انہوں نے مزید کہا، “مجھے یقین ہے کہ میرے بھتیجے کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا ہے”۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی لڑکے کے اہل خانہ کو تاوان کے لیے کوئی پیغام موصول نہیں ہوا۔ محمد مصور کاکڑ کے اغوا کے خلاف بلوچستان صوبائی اسمبلی کی عمارت کے سامنے سرینا چوک کے مقام پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں بچے کے لواحقین، سیاسی و سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے احتجاجی دھرنا دیا۔ بچے کے اغوا کے خلاف دیے گئے احتجاجی دھرنے میں تاجر تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔ مرکز ی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر محمد رحیم کاکڑ نے پی پی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔ چوری، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں تواتر سے ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے خصوصاً کوئٹہ کے تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں اور اپنا کاروبار ملک کے دوسرے صوبوں میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد مصور کاکڑ کے اغوا کے خلاف 23 نومبر 2024 کو صوبے کی اہم شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

راولاکوٹ و نواح میں ”ماحولیاتی اور آبی آلودگی“ سے صحت کو خطرات درپیش

Thu Nov 21 , 2024
راولاکوٹ/آزاد کشمیر(پی پی آئی) جامعہ پونچھ کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکرسے سماجی تنظیم ”لوک سنگی“ کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے راولاکوٹ او ر گرد و نواح میں ”ماحولیاتی آلودگی“ اور باالخصوص آلودہ پانی کے استعمال سے شہریوں کی صحت کو درپیش خطرات اور اس تناظر میں لوک سنگی تنظیم کے اقدامات سے آگاہ کیا۔جامعہ پونچھ کے ترجمان […]