لاہور(پی پی آئی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہم کسان سمیت پسے ہوئے تمام طبقات کے ساتھ ہیں اور ان کی توانا آواز بنیں گے، عوام کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے اپنا ہرممکن ور بھر پور کردارادا کر رہے ہیں، حلقے کے کسی ووٹر کے ساتھ مخالفین اور با اثر افراد کی زیادتی کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97 کے مختلف چکوک کے دوروں کے دوران علاقہ عمائدین اور کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر سے ان کی رہا ئشگاہ اورلڈ و چوک پارٹی دفتر میں بھی علاقہ عمائدین کے وفود نے ملاقاتیں کر کے حلقے کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ہمایوں اختر خان نے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے عزیز واقارب سے ملاقاتیں کر کے تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کسان مشکلات کا شکار ہیں، دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیداواری لاگت انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے کسان کی لاگت بھی پوری نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان بیروزگاری کا شکار ہیں، ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود روزگار کے مواقع میسر نہیں، حکومت ایسی پالیسیاں تشکیل دے جس سے نوجوانوں کو روزگار ملے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے بعد میرا اور میرے ساتھیوں کا حلقے کی عوام سے بلا تعطل رابطہ جاری ہے اور جب تک سانسیں ہیں یہ سلسلہ ایسے ہی چلتا رہے گا۔ ہمارا عزم ہے ہم نے حلقے کی محرومیوں کو دور کرنا ہے، بھر پور کوشش ہے کہ حلقے میں انٹر چینج کے ساتھ انڈسٹریل زون بنے تا کہ یہاں معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہونے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو۔