اسلام آباد(پی پی آئی) ترجمان وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کے شہریوں سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے منسوب بیان کو یکسر من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیاہے اور کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کے شہریوں سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے منسوب بیان صریحا شر انگیزی اور صحافتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان وزارت داخلہ وزارت داخلہ نے شرانگیز بیان جاری کرنے والے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس کی نشاندہی کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ شرپسند عناصر کی اس مکروہ حرکت کے پیچھے گھناؤنے عزائم انتہائی قابل مذمت ہیں۔