لاہور(پی پی آئی)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 20واں اجلاس منعقد ہوا-پنجاب کابینہ نے پی ٹی آئی کے پر تشدداحتجاجی مظاہرے میں پولیس او ررینجرز پر بے رحمانہ تشدد اورحملوں کی شدید مذمت کی -پنجاب کابینہ اجلاس میں 24نومبر کوپر تشدداحتجاجی مظاہرے میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی-پنجاب کابینہ نے پی ٹی آئی کے پر تشدد احتجاجی مظاہرے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا-پنجاب پولیس کے شہید کانسٹیبل کے لئے مجموعی طورپر2کروڑ 90لاکھ روپے کا پیکیج دیاجائے گا-پی ٹی آئی ورکرز کے بے رحمانہ تشدد سے زخمی ہونیوالے پولیس اوررینجرز اہلکاروں کے لئے 10لاکھ روپے کے پیکیج کی منظوری دی گئی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پی ٹی آئی ورکرز کی بربریت اور بے رحمانہ تشدد سے 172پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بیشترکی حالت نازک ہے-سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کر شرم آتی ہے کہ مارنے والے ہمارے لوگ ہیں -وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ زخمیو ں کو دیکھ کر پی ٹی آئی کے متشدد ورکرزکی بربریت کااندازہ ہوا-کیلوں والے ڈنڈوں اور رائفل کے بٹ سے جتھو ں نے سکیورٹی اہلکاروں کو الگ الگ کرکے مارا -پی ٹی آئی ورکرز کے ہجوم کے بے رحمانہ تشدد سے زیر علاج اہلکاروں کی کھوپڑیاں، ٹانگیں اور بازو فریکچرہو چکی تھیں -ایس پی کو کیلوں والے ڈنڈو ں سے اس قدر بے رحمی سے مارا گیا کہ اسکی کھوپڑی اور برین ڈیمج ہوگیا اور آنکھ سوج گئی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ زندگی میں کبھی ایسی بربریت اورظلم و تشدد کامظاہرہ نہیں دیکھا-پولیس اہلکارکو نزدیک سے گولی ماری جو اس کے جسم کے آر پارہوگئی-پی ٹی آئی ورکرزکے تشدد سے شہید کانسٹیبل کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں -پنجاب میں 10 ہزار تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکاروں کی انسداد فسادات کے لئے خصوصی فورس قائم کی جائے گی- ڈیرہ غازی خان اور میانوالی چیک پوسٹوں پر حملے بڑھ گئے ہیں -کابینہ اجلاس میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت قرار دینے اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی رولز 2024کی منظوری دی گئی-پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے باضابطہ قیام اور پیرا کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہیئر نگ آفیسرز کے اختیارات دینے کی منظوری بھی دی گئی –