کراچی(پی پی آئی)حضرت سیدنا احمد الکبیر الرفاعی رض کا تین روزہ سالانہ عرس مبارک المرکز الخانقاہ الرفاعیہ پاپوش نگر کراچی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس کی صدارتمسند رفاعیہ پاکستان کے سجادہ نشین السید ابراھیم علی الحسنی الحسینی الموسوی الرفاعی نے فرمائی۔۔ عرس کی تقریبات کا آغاز ذکر الہی بطریقتہ الرفاعیہ سے کیا گیا اور معروف ثنا خوانوں نے نعت و قصیدہ خوانی کا شرف حاصل کیا۔ مولانا محمد وسیم شیخ عطاری قادری نے حضرت غوث الرفاعی کی سیرت و کرامات اور سلسلہ رفاعیہ کے خاص طریقہ ذکر راتب الرفاعیہ پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ تیسرے روز سلسلہ رفاعیہ کی خاص روحانی محفل راتب الرفاعیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سلسلہ کے خلفا و مریدین نے مخصوص انداز میں دف کے ساتھ حمد، نعت و قصیدہ خوانی کی۔ آخر میں ملک کے معروف قوالوں نے محفل سماع کی صورت صاحب عرس کی مدح خوانی کا شرف حاصل کیا۔