کوئٹہ (پی پی آئی)صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 7 دسمبر سے 9 دسمبر 2024 تک شدید اور تیز ہواؤں اور ریت/گرد کے طوفان کی پیشگوئی کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ اس ایڈوائزری میں ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لیے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے متاثرہ علاقے:یہ موسمی نظام ساحلی اور اندرونی علاقوں کو متاثر کرے گا، جن میں شامل ہیں:ساحلی علاقے: گوادر، آواران، کیچ، پنجگوراندرونی علاقے: واشک، خاران، چاغی، نوشکی، سوراب، قلات، کچھی، مستونگ، کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ڑوب، زیارت اور ملحقہ علاقے متوقع اثرات:ریت/گرد کے طوفان: یہ حالات حد نگاہ کو متاثر کر سکتے ہیں۔درجہ حرارت میں کمی: درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔سمندری حالات: ساحلی علاقوں میں سمندر میں طغیانی رہنے کا امکان ہے، اور ماہی گیروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔سفر اور سیاحت: سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اضافی احتیاط برتیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔عوام کے لیے ہدایت: عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تیز ہواؤں کے دوران محفوظ مقامات پر قیام کریں۔متعلقہ حکام کے لیے ہدایات:تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔