اسلام آباد(پی پی آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے اہم کاموں کو 31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں سے ایک ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کی ویلیو چین کی ڈیجیٹائز یشن سے متعلق تمام کام مارچ 2025 تک مکمل ہو جائے گا۔ شوگر انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے حوالے سے ڈیزائن کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ، وزیر مملکت خزانہ،چیئر مین ایف بی آر اور سیکرٹری خزانہ کی کاوشوں کو سراہا۔اسمگل شدہ ایندھن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے پاکستان کی پیٹرولیم کی فروخت گزشتہ ماہ میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پندرہ لاکھ اسی ہزار ٹن رہی جو انتہائی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائی کی ہدایت کی۔