لاہور (پی پی آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہے۔لاہور میں نیوی وار کالج میں سمندری تحفظ سے متعلق ساتویں قومی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے قومی سلامتی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے پر پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔معاشی خوشحالی کیلئے بلیو اکانومی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے شہبازشریف نے ملک کی ترقی کیلئے سمندری وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے فعال اقدامات کرنے پر پاک بحریہ کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اپنے تزویراتی محل و قوع کے باعث معاشی مستقبل اور سمندری معیشت کیلئے ایک سنگ میل ہے۔