راولپنڈی(پی پی آئی)پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی کے اشتراک سے5ویں سالانہ نیکٹا امن مصوری مقابلہ جات میں موصول شدہ پینٹنگز اور پوسٹر کے نتائج ترتیب دینے کے لیے دو روزہ نمائش راولپنڈی آرٹس گیلری میں منعقد کی گئی۔۔ مستند پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل نامور افراد کی بطور منصفین خدمات لی گئیں تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پہ ڈائریکٹر جنرل نیکٹا کمیونیکیشنز اینڈ آؤٹ ریچ صالحہ ذاکر شاہ نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے تخریبی سوچ اور عناصر کا قلع قمع کیا جاسکتا ہے تاکہ امن کا بول بالا ہو اور مثبت رویوں کی ترویج ہو سکے۔ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی ڈویژن سجاد حسین نے کہا کہ عدم برداشت اور شدت پسندی کے رویوں کا سدباب کرنے کے لیے متبادل بیانیہ فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سینیئر اینالسٹ عدنان خالق بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر انعم ایاز، اینالسٹ حیدر عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پکار راولپنڈی ڈویژن سلمان، جونئیر اینالسٹ ادریس خان اور دیگر موجود تھے۔ مقابلہ میں پیش کی جانے والی پینٹنگز تین کیٹگریز پہ مشتمل تھیں۔ جس میں پہلی کیٹیگری میں 10 سے 15 سال کی عمر، دوسری کیٹیگری میں 16 سے 20 سال اور تیسری کیٹگری میں 21 سے 30 سال کے مصوروں نے حصہ لیا جن میں ہر کیٹیگری میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے بالترتیب 50 ہزار روپے، 30 ہزار روپے اور 20 ہزار روپے مختص کیے گئے۔ منصفین کے مرتب کردہ نتائج کے مطابق پہلی کیٹیگری بعنوان امید اور اتحاد کے تصور کی عکاسی میں زہرا کاشف نے اول، مومن ہارون نے دوم اور عنایا طارق نے سوم پوزیشن کے مستحق قرار پائے۔ اسی طرح دوسری کیٹیگری بعنوان برداشت اور امن کی ثقافت میں صفا جاوید نے پہلی، علینہ قیوم نے دوسری اور تیسری پوزیشن ماریہ آفاق نے حاصل کی۔ جبکہ تیسری کیٹگری بعنوان امن کے رنگ میں ثناء بتول نے اول، حمنہ حیدر نے دوسری اور انعم نے سوم پوزیشن پائی۔