کراچی (پی پی آئی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ افسران کی تربیت سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آتا ہے جس سے افسران عوامی مشکلات کے حل میں بہتر خدمت انجا م دے سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ان لینڈ ریوینیو سروس کے 51ویں خصوصی تربیتی پروگرام کے پروبیشنری افسران کے وفد سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں افسران کے تربیتی پروگرام، فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے کردار اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پروبیشنری افسران نے آئی ٹی مارکی، ”امید کی گھنٹی“، راشن ڈرائیو، بابائے قوم کے تاریخی کمرہ کا دور ہ بھی کیا۔ افسران نے راشن بیگ کا معائنہ کیا، امید کی گھنٹی بجا کر خوشگوار حیرت کا اظہار اورآئی ٹی مارکی میں آئی ٹی کے طلباء کو فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی۔ پروبیشنری افسران نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر اینیشیٹیو قابل تقلید اقدامات ہیں اس سے عوام کی مشکلات کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔