کراچی(پی پی آئی)آئی بی اے کراچی کے مین کیمپس میں 2024 کی کلاس کیلئے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا اور 1353 گریجویٹس کو کئی شعبوں میں ڈگریاں دی گئیں۔ گریجویٹ بیچ میں 6 انڈرگریجویٹ پروگراموں کے 990 گریجویٹس، 11 پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے 362 گریجویٹس، اور 1 پی ایچ ڈی گریجویٹ شامل تھے۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ اور سرپرست آئی بی اے سید مراد علی شاہ تھے۔ محترمہ سلطانہ صدیقی، ہم نیٹ ورک کی صدر اور مومل پروڈکشن کی بانی مہمان اعزازی تھیں سرپرست آئی بی اے، مراد علی شاہ نے عالمی معیار کی فیکلٹی کے تعاون سے قیادت، فضیلت اور اثرات کی میراث بنانے کے لیے آئی بی اے کی تعریف کی، جن میں سے 67% معروف عالمی اداروں سے پی ایچ ڈی کی ڈگریاں رکھتے ہیں، جو سب کے لیے ایک تحریک ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ کانووکیشن خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ – لیڈرشپ، ایکسی لینس اور اثرات کی میراث” آئی بی اے اگلے سال اپنی 70 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر،آئی بی اے کراچی، ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے اس شاندار سنگ میل کو حاصل کرنے پر گریجویٹ ہونے والے طلباکو شاباش دی جو ان کی لگن اور استقامت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر زیدی نے کہا، “آج کا دن خاصا خاص ہے کیونکہ ہم کی تاریخ کی سب سے بڑی گریجویشن کلاس منا رہے ہیں “۔