کراچی(پی پی آئی) انسدادبدعنوانی کاعالمی دن پیر کے روزملک بھر میں منایا گیا۔اس سال اس دن کا موضوع تھا ” بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا: کل کی سا لمیت کو تشکیل دینا” جو کہ انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے پر مرکوزہے۔انسدادِ بد عنوانی کا پہلا عالمی دن 9 دسمبر 2004کومیکسیکو میں منایا گیا تھا۔اب ہر سال 9 دسمبر کو یہ دن کرپشن کے خلاف جنگ کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جاتا ہے۔انسدادِ بدعنوانی کا دن منانے کا مقصد عالمی معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے عزم کا فروغ ہے۔انسدادِ بدعنوانی کا دن منانے کا مقصد ایسے اقدامات بھی کرنا ہے جس سے کرپشن کی مکمل روک تھام ہو سکے۔ اقوام متحدہ نے اس عالمی دن کو منانے کا فیصلہ اکتوبر 2003 میں کیا تھا۔ اِس دن کو عالمگیر سطح پر منانے کا مقصد دنیا کی توجہ رشوت اور کرپشن جیسی برائی کے پھیلاوکی طرف مبذول کرانا ہے۔ دنیا کو یہ بتانا ہے کہ اِس طرف توجہ دیں اور کرپشن کو ختم یا کم کرنے کی کوشش کریں۔ اقوام متحدہ کا رکن ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے بھی بھرپورطریقے سے اِس بات کی تائید کی کہ اِس برائی کے خاتمے کی طرف بھرپور توجہ دینی چاہیے۔اس سلسلے میں ملک کے مختلف حصوں میں واک، ریلیوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔