اختیارات کی عام آدمی کو منتقلی کیلئے بلدیاتی اداروں کی فعالیت ضروری ہے: سلطان محمود چوہدری

مظفر آباد(پی پی آئی) آزادجموں وکشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے جب صدر ریاست کے عہدے کا حلف اْٹھایا تھا تو میں نے آزادکشمیرکے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات جلد کرائے جائیں گے اب جبکہ میرا یہ وعدہ بھی پورا ہوچکا ہے تو ہماری کوشش ہے کہ اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو اور اختیارات کی منتقلی کوعام آدمی تک منتقل کرنے کے لئے بلدیاتی اداروں کو فعال کیا جانا ضروری ہے۔ کیونکہ بہت سے ایسے کام ہیں جو کہ ایک ممبر اسمبلی بیک وقت سرانجام نہیں دے سکتا اس کے لئے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی از بس ضروری ہے تاکہ عوامی مسائل حل کرنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور لوگوں کے مسائل اْن کی دہلیز پر حل ہوں۔ میں حکومت سے بھی کہوں گا کہ وہ فوری طور پر بلدیاتی اداروں کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کی رفتار تیز ہو سکے اور اس کے علاوہ میں ہر سطح پر بلدیاتی اداروں کی مدد اور تعاون کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔صدارتی سیکرٹریٹ،ایوان صدر،کشمیر ہاؤس،اسلام آبادکے اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے  یہاں ایوان صدر میں آزادکشمیر کے 10اضلاع کے چیئرمین ضلع کونسلز کے ایک وفدسے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی، چیئرمین ضلع کونسل پونچھ راولاکوٹ سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ، چیئرمین ضلع کونسل کوٹلی چوہدری عبدالغفور، چیئرمین ضلع کونسل سدھنوتی سردار امجد جاوید، چیئرمین ضلع کونسل باغ پروفیسر سردار محمد آصف خان،چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی چیئرمین ضلع کونسل بھمبر ڈاکٹر چوہدری محمد یوسف اور چیئرمین ضلع کونسل نیلم غلام مجتبیٰ مغل شامل تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسلز کے وفد نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل اور فنڈز کی کمی اور دیگر تحفظات سے آگاہ کیا جس پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیئرمین ضلع کونسلز کے وفد کو یقین دلایا کہ میرا اپنا بھی یہی موقف ہے کہ اختیارات اور اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل ہونا چاہیے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی مسائل اْن کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد مل سکے۔ میں اس سلسلے میں حکومت اور دیگر سطح پر بلدیاتی اداروں کے مسائل کے حل کے اپنا ہر ممکن تعاون اور کردار ادا کروں گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

سفارشات کے بغیر تحقیقی کانفرنس کی افادیت نہیں،چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن

Tue Dec 10 , 2024
کراچی(پی پی آئی)سندھ ہائر ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں درست اعداد و شمار کی عدم دستیابی سے بیماریوں کے نمونوں تک کی درست عکاسی نہیں ہوتی اس لیے کسی تحقیق کا سوال بھی نہیں پیدا ہوتا، سفارشات کے بغیر تحقیقی کانفرنس کی کوئی افادیت نہیں،  شماریات کے بغیر کوئی تحقیق […]