کراچی(پی پی آئی) سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور کوششوں سے معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بہتری کے آثار نمایاں ہیں، جس کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، جو قوتیں ان کوششوں کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے کمزور اور ڈی ریل کرنا چاہتی ہیں، وہ قوم کے ساتھ دشمنی نبھا رہی ہیں، یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے، انتشار اور اختلاف کی سیاست سے ملکی معیشت کی جڑیں کمزور ہو جائیں گی۔ محمود مولوی نے کہا کہ معیشت میں استحکام کا رجحان قابل تحسین ہے، تاہم حکومت کو اب ایک قدم آگے بڑھا کر معاشی استحکام کا کچھ فائدہ مہنگائی میں کمی اور ریلیف کے دیگر اقدامات کی صورت میں عوام کو بھی منتقل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کیلئے اپنے گھر کا بجٹ چلانا انتہائی دشوار ہوچکا ہے، حکومت اگر سمجھتی ہے کہ معیشت بحالی اور استحکام کی طرف جا رہی ہے تو اس کی جھلک عوام کی معیشت اور عوام کی روز مرہ زندگی میں بھی نظر آنی چاہئے۔