میرپور (پی پی آئی) سینئر پارلیمنٹرین سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھرنے کہا ہے کہ میرپور میں بڑھتے ہوئے مسائل اور عوام کی مشکلات پر تشویش ہے میرپور میں تمام وسائل پر قبضہ گروپ قابض ہیں اور اداروں کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ موجودہ حکام کی طرف سے عوام کو مسائل کے حل کی بجائے مزید مشکلات کا سامنا کروایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں میرپور کی عوام سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ میرپور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے، جہاں عوام کو اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کی بھی آزادی نہیں ہے۔ مسائل کو حل کرنے کی بجائے عوام کو ایک ایسی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے جس سے نکلنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ طاہر کھوکھرنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر عوامی مسائل پر توجہ دیں اور اس صورتحال کو درست کریں تاکہ عوام کو بنیادی حقوق اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور میں ریاست کا صدر اور دو وزیروں کے ہونے کے باوجود یہاں کوئی قابل ذکر ترقی نہیں ہو سکی۔ یہ بہت افسوسناک بات ہے کہ عوام کو بنیادی سہولتیں تک نہیں مل رہی ہیں، جبکہ صرف مخصوص افراد اور گروپوں کو نوازا جا رہا ہے۔میرپور میں ترقیاتی کام مکمل طور پر ٹھپ ہو چکے ہیں، اور عوام میں مایوسی کا عالم ہے۔ پورا سسٹم یرغمال بنا ہوا ہے اور عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنی پڑتی ہے عام عوام کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ میرپور کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ یہاں کے لوگ بھی ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ میرپور کے عوام اب مزید خاموش نہیں رہ سکتے میرپور کے عوام کو جان بوجھ کر مسائل کے دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔ حکومتی اداروں اور مقامی قیادت کی غفلت اور ناکامی کے نتیجے میں میرپور کے عوام کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے، اور اس صورتحال سے عوام کی پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔میرپور میں ریاست کا صدر اور دو وزیر ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہاں کے عوام کو صرف باتوں اور وعدوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی نظام اور مقامی قیادت نے عوام کو اپنی زندگی کی بنیادی ضروریات تک سے محروم کر دیا ہے، اور اس کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جو اقتدار میں ہیں۔میرپور کے عوام کا حق ہے کہ انہیں مسائل سے نکالا جائے اور ترقی کی راہوں پر چلایا جائے نہ کہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور کیا جائے۔طاہر کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اقدامات اٹھائے اور میرپور کے عوام کو ترقی، روزگار، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرے تاکہ وہ اپنی زندگی کی معیاری سطح کو بہتر بنا سکیں۔