کراچی(پی پی آئی) قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی رحمہ اللہ کی دینی و سیاسی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی نے کہاہے کہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی رحمہ اللہ کی دینی و سیاسی خدمات نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کو رہنمائی فراہم کی۔ آپ کی زندگی علم و حکمت اور جرأت کی ایک زندہ مثال تھی۔ آپ نے دین اسلام کی سربلندی اور اس کے اصولوں کی حفاظت کے لیے نہ صرف پاکستانی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت میں آپ کا قائدانہ کردار تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ آپ کی قیادت میں لاکھوں مسلمانوں نے اپنے ایمان کی حفاظت کے لیے جدوجہد کی اور آپ نے ہمیشہ اسلام کی صحیح تشریح کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کیا۔ آپ کا نعرہ نظام مصطفی ﷺ کا نفاذاورتحفظ مقام مصطفی ﷺ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ کی سیاست ہمیشہ اصولوں کی بنیاد پر تھی، آپ نے ہمیشہ اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے حکومتوں پر دباؤ ڈالا۔آپ کی بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی تبلیغی کوششوں نے ہزاروں افراد کو اسلام کی روشنی عطا کی اور آپ کی کوششوں سے اسلامی ممالک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم ہوئی۔انہوں نے مزید کہاکہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی رحمہ اللہ کی جدوجہد آج بھی ہمارے لیے ایک مشعل راہ ہے۔ ان کی رہنمائی اور تعلیمات سے ہم ہمیشہ فائدہ اٹھائیں گے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے۔ ان کا انتقال نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان تھا، مگر ان کی خدمات اور پیغام ہمیشہ زندہ رہیں گے۔دریں اثناء جمعیت علماء پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی اور میڈیا ورکر عبدالوہاب قادری نے کہاہے کہ قائد ملت اسلامیہ، قائد اہلسنّت اور بانی ورلڈ اسلامک مشن و دعوت اسلامی حضرت علامہ امام الشاہ احمد نورانی صدیقی رحمت اللہ علیہ کا سالانہ عرس مبارک 11 دسمبر بروز بدھ ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے۔عرس کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور محافل کا انعقاد کیاگیا ہے، جن میں امام نورانی ؒ کے علمی، دینی اور سیاسی کردار پر روشنی ڈالی جائے گی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں جمعیت علماء پاکستان کے قائدین مختلف شہروں میں خطاب کریں گے۔حیدرآباد میں قائد جمعیت صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، لاہور میں علامہ قاری زوار بہادر،نواب شاہ میں علامہ افتخار عباسی، شجاع آباد میں مولانا حاجی عاشق علی خان قادری، علامہ عرفان قادری اور علامہ طارق اقبال اظہری، ملتان میں علامہ صادق سیرانی، مظفرگڑھ میں میاں عبدالسلام قریشی، سیالکوٹ میں مرزا تجمل بیگ، مری میں مفتی نذیر عباسی، راولپنڈی میں پیر سعید نقشبندی، کراچی میں قاضی احمد نورانی،قاری خلیل احمدنورانی، حافظ آباد میں مفتی غلام مصطفی سلطانی، لاڑکانہ میں علامہ اسلم لانگا ہ اور دیگر اہم مقامات پر مختلف قائدین امام نورانی ؒ کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔اس کے علاوہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں بھی امام نورانی ؒ کے عرس کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔