چینی تاجر باہمی تجارت کے فروغ اورمضبوط روابط کے خواہش مند ہیں، ایڈریان ہو

 گوانگزو /چین(پی پی آئی)چین کے تاجروں نے پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے اور پاکستانی درآمدکنندگان کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔چین کے سب سے بڑے تجارتی شہر گوانگزو میں منعقد ہونے والی ”چائنا کوٹ“ صنعتی نمائش میں پاکستان کی طرف سے پہلی بار شرکت کرنے والے معروف تاجر اور سابق چیئرمین پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) عارف بالاگام والا سے ون ٹو ون بزنس میٹنگ کے دوران چائنا کوٹ کے جنرل منیجر ایڈریان ہو کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تجارت اصل صلاحیت کی نسبت کم ہے جسے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے ذریعے بڑھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے عارف بالاگام والا سے دوطرفہ تجارت پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چائنا کوٹ نمائش میں شرکت کے خواہش مند پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ویزہ کے حصول میں بھی تعاون کیا جائے گا۔پی سی ڈی ایم اے کے سابق چیئرمین عارف بالاگام والا نے”چائنا کوٹ“ صنعتی نمائش کو اہم قرار دیا جہاں دنیا بھر کی نامور کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے جبکہ ڈائز سے وابستہ تاجروں سے ملاقات اور بزنس  ٹو بزنس میٹنگز کے مواقع بھی میسر آئے۔ انہوں نے چائنا کوٹ کے جنرل منیجر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی تاجروں کو وفد کی صورت میں اگلے سال نمائش میں شرکت کے لیے مدعو کیا جانا چاہیے تاکہ وہ چین کی وسیع مارکیٹ سمیت دنیا بھر کی کمپنیوں کے پاس دستیاب خام مال کا جائزہ لے سکیں جس کے جواب میں ایڈریان نے انہیں یہ یقین دلایا کہ پاکستانی وفد کی ہر مرحلے پر مدد کی جائے گی۔عارف بالاگام والا نے اس موقع پر انہیں پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس کا سالانہ مجلہ بھی پیش کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

کوئٹہ میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی

Fri Dec 13 , 2024
کوئٹہ (پی پی آئی) کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ میں جمعہ کے روز گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے دیبہ میں گیس لیکیج کے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سنڈی مین پراونشل ہسپتال […]