کچلاک(پی پی آئی) کچلاک کے شہری جمعہ کو سڑکوں پر نکل آئے۔ کچلاک میں گیس اور بجلی کی بندش کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ریلی کے شرکانے مختلف سڑکوں سے مارچ کیا اور کچلاک میں کوئٹہ چمن شاہراہ پر جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے کچلاک اور ضلع کوئٹہ کے دیگر علاقوں کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، بجلی کی طویل بندش سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اکثر واقعات رونما ہو رہے ہیں جس سے شہریوں کی جانیں جا رہی ہیں۔ انہوں نے حکام سے کچلاک اور ضلع کوئٹہ کے دیگر علاقوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات کبیر افغان اور دیگر نے خطاب کیا۔