اسلام آباد(پی پی آئی)صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہبازشریف نے انسانی ا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں یونان میں کشتی ڈوبنے کے واقعات میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا ہے۔وزیراعظم نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو جلد اس واقعے کی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔محمد شہبازشریف نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے جس میں ہرسال کئی جانیں چلی جاتی ہیں اور کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انسانی اسمگلر ایک ظالم مافیا ہے جو غریب لوگوں کو جھوٹے خواب دکھا کر رقم بٹورتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسے افراد کی شناخت کرکے انہیں سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ دوبارہ ایسے جرائم کا ارتکاب نہ کریں۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہاکہ انسانی اسمگلنگ ایک قابل مذمت اقدام ہے جس میں لوگ اپنے پیاروں کو کھو دیتے ہیں۔صدر نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا اور مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی۔