عوام با شعورہیں،سبز باغ دکھانے والے کامیاب نہیں ہوسکیں گے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(پی پی آئی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوام اب با شعور ہوچکے ہیں اس لئے سبز باغ دکھانے والے اب اپنی چالوں میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے، حلقے میں جس جگہ چلے جائیں گھمبیر مسائل اور مشکلات نے ڈیر ے ڈال رکھے ہیں لیکن دہائیوں سے منتخب ہونے والے اب بھی سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، عوام جان چکے ہیں کہ کون لوگ ان کے مسائل کے حل او ر علاقے کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے دورہ کے موقع پر علاقہ عمائدین سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں جاکر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ یہاں کا کسان اور نوجوان مایوس ہیں، بچوں اوربچیوں کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں میسر نہیں، اکثریتی علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، سیوریج کے نظام کا برا حال ہے، ہم سوال پوچھتے ہیں کہ علاقے کی پگ پہننے کے دعویدار وں نے عوام کے لئے کیوں کچھ نہیں کیا؟۔ ہمارا وعدہ ہے ان شااللہ جب بھی موقع میسر آئے گا اس علاقے کو مثالی حلقہ بنا کر دکھائیں گے۔ یہاں کے لوگ انتخابات کے بعد مسائل کے حل کے لئے ہماری محنت اور کوششوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں،مریدوالا انٹرچینج کی منظوری کے بعد ظفر چوک سے چک نمبر 516 تک سڑک کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے، ان شا اللہ آنے والے دنوں میں حلقے کے باسیوں کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ ہم نے سیاست میں عوام سے بلا تفریق رابطے رکھنے اور اپنی استعداد سے بڑھ کر خدمت کرنے کا معیار متعارف کرایا ہے، ہم جہاں تک اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں وہ پہنچا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما صدیق الفاروق انتقال کرگئے

Sun Dec 15 , 2024
اسلام آباد(پی پی آئی)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین صدیق الفاروق انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سابق پریس سیکرٹری، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ صدیق الفاروق طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے،انہوں نے […]