کراچی(پی پی آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں مسلسل ترقیاتی کام جاری ہیں، جو منصوبے بنائے جارہے ہیں ان میں ساتوں اضلاع کی یونین کونسلوں کی حدو د میں آنے والے علاقوں کے ترقیاتی کام شامل ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرادری کی ہدایت کے مطابق شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، متعلقہ یونین کمیٹیز کے نمائندوں کی مشاورت سے پانی و سیوریج اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے جاری کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں گے، یہ بات انہوں نے کمیٹی روم میں پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے سٹی کونسل کے ممبران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں مخصوص نشستوں پر کے ایم سی کونسل میں منتخب ہونے والی خواتین ممبران بھی شریک تھیں، اس موقع پر یوسی چیئرمینز اور سٹی کونسل کے دیگر اراکین نے میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب کو اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، میئر کراچی بیر سٹرمرتضی وہاب نے انہیں یقین دلایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں جتنے بھی مسائل ہیں انہیں تیزی سے حل کرنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور تمام ترقیاتی کام شفاف انداز میں کئے جارہے ہیں، شہریوں کی فوری ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے ان کاموں کو اولیت دی ہے جن سے جلد از جلد انہیں سہولت مل سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق شہریوں کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میں شامل رکھا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ پانی و سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت بنیادی مسائل ہیں لہٰذا کے ایم سی میں اختیارات سنبھالنے کے فوراً بعد ہم نے ان مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی اور کراچی کے شہری خود اس کے گواہ ہیں کہ ان کے دیرینہ مسائل کو کے ایم سی کی موجودہ قیادت ہی حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے، تعمیر و ترقی کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا، انہوں نے یوسی چیئرمینز سے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید بڑھائیں اور جو بھی مسائل ہیں ان سے فوری آگاہ کرتے رہیں تاکہ ان کے حل کے لیے بلا تاخیر اقدامات کئے جاسکیں۔