کراچی(پی پی آئی) تھانہ جمشید کوارٹرز ایسٹ، کے علاقے نیوایم اے جناح روڈ میر عثمان پردہ پارک کے قریب پولیس اورڈاکوؤں میں مقا بلہ ہوٍا اوردو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی گرفتار کرلئے گئے۔تھانہ جمشید کوارٹرز ایسٹ کے اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین عدد غیر قانونی پسٹلز، دو عدد موٹر سائیکلیں اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ہلاک ملزم کی نعش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ملزمان کی شناخت منیر ولد بلال (ہلاک)، مظفر چانڈیو ولد شیرل اور نادر علی ولد محمد انور کے نام سے ہوئی ہے۔ملزمان عادی جرائم پیشہ ور ہیں اور موٹر سائیکل اسنیچنگ کی وارداتوں میں مطلوب ہیں جو کہ اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔