اسلام آباد(پی پی آئی) بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے فیصل بینک لمیٹڈ کے ساتھ کثیر المقاصد اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک اہم معاہدہ کر لیا۔ اس معاہدہ کا مقصد بین الاقوامی بینک اکاؤنٹ نمبر (آئی بی اے این) سسٹم کو مربوط اور کیش مینجمنٹ آپریشنز کو بڑھا کر مالیاتی لین دین کے طریقے میں بہتری لانا ہے۔آئی بی اے این کو اپنانے سے کشمیر بینک اپنی مالیاتی کارروائیوں کو بہتر بنانے سمیت کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ کرے گا۔جب کہ کشمیربینک کے صارفین کو کافی فائدہ ہوگا۔علاوہ ازیں شراکت داری کے دیگر اہم فوائد میں بہتر کارکردگی سر فہرست ہے۔ آئی بی اے این سسٹم ملکی اور بین الاقوامی فنڈز کی منتقلی کو تیز کرے گا، پروسیسنگ کے وقت اور غلطیوں کو کم کرے گا۔معاہدہ پردستخط کی تقریب میں دونوں مالیاتی اداروں کے اہم نمائندوں نے شرکت کی۔