لاہور(پی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کی آڑ میں کبھی بھی اپنی ذات کی مشکلات کی بات نہیں بلکہ ان کے پیش نظر ہمیشہ ملک و قوم کی بہتری ہوتی ہے،عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ کچھ نام نہاد سیاسی لوگ بھانت بھانت کی بولیاں بول رہے ہیں،مسلط حکومت جمہوریت کی مضبوطی کی بجائے اس کی بنیادیں کھود رہی ہے۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت، رہنماؤں اور کارکنوں نے جتنی مشکلات اور مصیبتیں برداشت کی ہیں اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، نہ ہماری قیادت ملک چھوڑ کر فرار ہوئی اور نہ ہمارے کارکنان حوصلہ ہارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں ہمیشہ مذاکرات کا اہتمام کرتی ہیں لیکن جعلی حکمران عمران خان کی سیاسی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، انہیں معلوم ہے کہ ان کی سیاسی سپیس کم ہو رہی ہے اور ا ن شا اللہ جب بھی عام انتخابات ہوں گے پی ٹی آئی ایسی اکثریت حاصل کرے گی جس سے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ فتح حق اور سچ کی ہو گی، عمران خان کسی سے سیاسی انتقام لینے کا ہرگز ارادہ نہیں رکھتے بلکہ ان کی ملک اور قوم کو آگے لے جانے کی سوچ ہے۔