کوئٹہ (پی پی آئی) گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ بیوروکریسی کی مداخلت کی وجہ سے انسداد پولیو مہم کی شفافیت اور موثریت ختم ہو گئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم سے جی ایچ اے بی کا بائیکاٹ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پولیو مہم میں بیوروکریسی کی مداخلت ختم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، بیوروکریسی کی مداخلت سے نہ صرف انسداد پولیو مہم کے نتائج متاثر ہو رہے ہیں بلکہ ہیلتھ ورکرز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم سمیت صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے چلائے جانے والے تمام پروگراموں کا اختیار محکمہ صحت کے ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ضلعی محکمہ صحت کے افسران کو دیا جائے کیونکہ ان پروگراموں کے غیر ضروری اختیارات کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دیے جانے سے ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔