ترکیہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے، قونصل جنرل

کراچی(پی پی آئی)ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو نے ترکی اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کی مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبوں کو دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔اب صرف باتوں کے بجائے عملی اقدامات کا وقت آ چکا ہے۔ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ترکیہ قونصلیٹ میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ای ایف پی وفد میں سیکرٹری جنرل سید نذر علی، مجید عزیز، محمود ارشد، ہمایوں نذیر، سید حسنین مظہر، اور ماریہ شبیر شامل تھے۔قونصل جنرل سے ملاقات میں میں ای ایف پی کی جدید حکمت عملی پر مبنی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھایا جا سکے۔ترکش قونصل جنرل نے ای ایف پی اکنامک کونسل کی تیار کی گئی جدید تجارتی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید تجارتی حکمت عملی پر مبنی روڈ میپ کی ابتدائی تقریبجنوری میں اسلام آباد میں ترک سفارتخانے میں ہوگی جس کے بعد کراچی میں ترکش اور پاکستانی نجی شعبے کے لیے ایک فالو اپ تقریب منعقد کی جائے گی۔ترکیہ حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے بہت پُرعزم ہے اور ای ایف پی، موسیاد اور استنبول چیمبر آف کامرس جیسے اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مضبوط تعلقات قائم کریں تاکہ زیادہ تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ای ایف پی کا تجارتی حکمت عملی پر مبنی روڈ میپ پاکستان اور ترکی کے دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ای ایف پی کی اسٹرٹیجی اینڈ کمیونیکیشن ایڈوائزر ماریہ شبیر نے روڈ میپ پیش کیا جس کا مقصد تجارت کو ایک ارب ڈالر سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ یہ روڈ میپ اس حکمت عملی کا تسلسل ہے جو پچھلے مہینے قونصل جنرل کے ساتھ ہونے والی اجلاس میں تیار اور پیش کی گئی تھی اور جسے ان کی جانب سے منظور کیا گیا تھا۔ ماریہ شبیر نے کہا کہ چونکہ تجارتی شعبے کی طرف سے کوئی جامع اور عملی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے تھے اس لیے ای ایف پی اکنامک کونسل نے پاک ترکیہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکمت عملی روڈ میپ تیار کیا۔ای ایف پی اکنامک کونسل کے چیئرمین، ای ایف پی بورڈ ممبر محمود ارشد نے بتایا کہ انہوں نے اور ای ایف پی کے بورڈ ممبر سید حسنین مظہر نے استنبول کا دورہ کیا اور استنبول چیمبر، موسیاد اور دیگر اداروں کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ای ایف پی اور موسیاد کے درمیان تعاون اور اشتراک کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم اویو) پر دستخط کیے گئے۔ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو 2025 اور آنے والے سالوں میں مزید مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔ای ایف پی کے سابق صدر اور سینئر بورڈ ممبر مجید عزیز جو چھ رکنی وفد کی قیادت کر رہے تھے، انہوں نے قونصل جنرل کی ذاتی کوششوں کو سراہتے کہا کہ چونکہ وہ مصالحتی بین الاقوامی مرکز برائے متبادل تنازعات کے حل (ایم آئی سی اے ڈی آر) کے بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی ہیں لہٰذا انہوں نے ترکز قونصل جنرل کو اس مرکز کے دفتر کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس دورے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس مرکز کا قیام ترکی کے ماڈل کے نتیجے میں ہوا تھا اور یہ کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو درپیش مسائل کو دوستانہ طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ای ایف پی بورڈ ممبر ہمایوں نذیر اور سیکریٹری جنرل ای ایف پی سید نذر علی نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی پاکستانی چیمبر یا تجارتی تنظیم نے کبھی بھی ایک عملی اور قابل عمل حکمت عملی پر مبنی روڈ میپ تیار کرنے کی کوشش نہیں کی اور ای ایف پی اکنامک کونسل کی یہ کوششیں بے حد قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اس موقع پر یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ قونصلیٹ کے اقتصادی و تجارتی ماہر کوثر احمد اور ماریہ شبیر اس روڈ میپ کے اجرا اور وفود کے دوروں کو مربوط کرنے کے لیے فوکل پرسن ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

ملک بھرمیں سردی کی شدت برقرار،دْھندکا راج،موٹرویزبند

Fri Dec 20 , 2024
کراچی(پی پی آئی)ملک کے اکثرعلاقوں میں ہفتہ کوموسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے،پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دْھند چھائی رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے چند میدانی علاقوں میں کہر اپڑنے کی بھی توقع ہے،پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند […]