پنوعاقل(پی پی آئی)کیڈٹ کالج پنو عاقل میں گیارہویں سالانہ یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی، صوبائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، پرنسپل و پروجیکٹ ڈائریکٹر کیڈٹ کالج پنو عاقل کرنل (ر) سعادت اللہ، وائس پرنسپل شفقت شاہ، کیڈٹ کالج گھوٹکی پرنسپل برگیڈیئر ایمل خان، کیڈٹ کالج خیرپور پرنسپل کرنل عامر حیات اور اساتذہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرنسپل کیڈٹ کالج کرنل ریٹائرڈ سعادت اللہ نے خطبہ استقبالیہ اور کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ مہمان خصوصی سید ناصر حسین شاہ نے کالج پرنسپل کرنل (ر) سعادت اللہ کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا، لطیف ہاؤس، بھٹو ہاؤس، بیدل ہاؤس اور جناح ہاؤس کے کیڈٹس نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور سلامی پیش کی، کالج کے جمناسٹک کلب کے کیڈٹس نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کیڈٹس میں نقد انعامات اور شلیڈز تقسیم کیں۔ سال 2024-25 کی چیمپئن ہاؤس ٹرافی لطیف ہاؤس نے حاصل کی، کیڈٹ محمد ارسلان نے کلاس 8، کیڈٹ علی فرہاد نے میٹرک، کیڈٹ مدثر حیدر فرسٹ ایئر پری میڈیکل، کیڈٹ عبد الرزاق فرسٹ ایئر پری انجینئرنگ، اور اسپورٹس میں بہترین کارکردگی پر کیڈٹ مرتضیٰ نے نقد انعامات اور شیلڈ حاصل کی۔ جبکہ بیسٹ کیڈٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ کیڈٹ معراج احمد نے حاصل کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے پرنسپل کرنل ر سعادت اللہ کے ہمراہ سائنس نمائش کا دورہ کیا اور کیڈٹس کے بنائے ہوئے پروجیکٹس میں گہری دلچسپی لی اور کیڈٹس کو بھرپور داد دی۔