کوئٹہ (پی پی آئی) ایم پی اے علی حسن زہری نے بدھ کو بلوچستان کابینہ میں صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے علی حسن زہری سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزرا، ایم پی اے، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان، سینیٹر میر عبدالقدوس بزنجو، انتظامی سیکرٹریز اور سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر علی حسن زہری نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے انہیں وزیراعلیٰ بلوچستان بنانے کا فیصلہ کیا تو وہ پارٹی کا فیصلہ قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مجھے جس محکمے کابھی قلمدان سونپے گی، میں اسے قبول کروں گا۔