کراچی27دسمبر(پی پی آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے۔ وزارت خارجہ غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرکے وزیراعظم کے خط کا اثر ضائع کررہی ہے۔ عافیہ کو عمران خان کی رہائی کے ساتھ مشروط ظاہر کرکے نااہلی کو چھپایا جارہا ہے۔ جوبائیڈن نے ماضی کے تمام صدور کے برعکس سب سے زیادہ قیدیوں کو رہائی دی، وزارت خارجہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ مظلوم عافیہ کی رہائی کے کئی مواقع ضائع کردئیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو جائزہ لینا ہوگا کہ انکی سنجیدہ کوششوں کو کس نے سبوتاڑ کیا؟ حکومت واضح کرے کہ عافیہ کے بدلے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کس نے کیا؟ قوم کسی کسی لالی پاپ کو قبول نہیں کرے گی۔الطاف شکور نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے اس بیان کو جس میں انہوں نے امریکہ کو ڈاکٹر عافیہ کے بدلے عمران خان کی رہائی کی پیشکش کی ہے، افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں اور کیا ان کے علم میں نہیں ہے کہ وزیراعظم نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکی صدر کو خط لکھا ہواہے۔ رانا ثنااللہ کا یہ بیان وزیراعظم کے خط کو سبوتا کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی مدت صدارت مکمل ہونے میں ایک مہینہ سے بھی کم کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ کیا مسلم لیگ کی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے رانا ثنا اللہ ڈاکٹر عافیہ کی آڑ لے رہے ہیں؟ ہر امریکی صدر جاتے ہوئے چند سو قیدیوں کو رہا کرتا ہے۔ مگر جو بائیڈن اب تک آٹھ ہزار سے زائد قیدیوں کو رہا کر چکے ہیں جن میں امریکی سالمیت کے لئے خطرہ بننے والے بھی شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر عافیہ بے گناہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی شہری اور سیاستدان ہیں۔ وہ اس وقت مسلم لیگ کے سب سے بڑے مدمقابل ہیں۔ ان کی جماعت کو چاہئے کہ عمران خان کا مقابلہ سیاسی میدان میں کریں۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے پر سیاست نہ کریں۔ اسے عمران خان کی رہائی سے مشروط نہ کریں۔ عافیہ صدیقی کی جلد سے جلد رہائی کے لیے وزارت خارجہ اور امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کو متحرک کریں