کراچی (پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اولڈ گولیمار ضلع کیماڑی کا پرانا اور گنجان آباد علاقہ ہے، اس علاقے میں پانی و سیوریج سمیت دیگر بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، اولڈ گولیمار میں موجود 50 ہزار گیلن گنجائش کے آر او پلانٹ کو تین لاکھ گیلن تک بڑھایا جا ئے گا جس سے علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا، شہید بے نظیر بھٹو فٹ بال گراؤنڈ اور شہید بینظیر بھٹو پارک کوبھی جلد از جلد بحال کر کے جدید سہولیات سے آراستہ کریں گے، پارک میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی اور بچوں کے کھیلنے کے لیے جھولے لگائے جائیں گے، شہریوں کو کھیل و تفریح کی معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح اولڈ گولیمار کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی،قبل ازیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید شاہ نواز چوک گولیمار پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ چائے پی اور علاقے کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے اولڈ گولیمار میں واقع آراو پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں حب ڈیم سے نئی کینال کی تعمیر اور پرانی کینال کو بہتر بناکر شہریوں کو ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی کے لیے تیزی سے اقدامات کیے گئے ہیں،۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں اور لوگوں کے لیے مزید منصوبے لائیں گے، شہر میں صفائی ستھرائی اور پانی و سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور بنیادی انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کا کام جاری رہے گا۔