کراچی (پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے،کراچی کے عوام چیمپئنز ٹرافی کے میچز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے دونوں میچز کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں، عوام کراچی میں کرکٹ کی ٹیموں کا والہانہ استقبال کریں گے، پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد خوش آئند ہے، چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لئے ہر طرح کی بلدیاتی سہولیات مہیا کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے پر پی سی بی کے اعلیٰ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے پر پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے میئر کراچی کا استقبال کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو 2025 میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں سے متعلق بتایا گیا، اس موقع پر میئر کراچی نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر کراچی کو سجایا جائے گا،گزشتہ دنوں چیمپئنز ٹرافی کو کے ایم سی کے ہیڈ آفس لایا گیا تھا،چیمپئنز ٹرافی کو تھام کریہ احساس ہوا تھا کہ اس مرتبہ ہم جیتیں گے،چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔