کراچی30دسمبر(پی پی آئی) کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کے لئے نوجوانوں کی صحیح سمت رہنمائی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے‘پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں جو ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی بلاامتیاز فراہمی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔سندھ کے ہمارے نوجوان کسی صورت کسی سے کم نہیں بات صرف مواقع ملنے کی ہے‘ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر سماجی کارکن و میڈیا کوآڈینیٹر سندھ پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن،سول اسپتال یونٹ افضال احمد،بوہرہ پیر ہارڈویئر مارکیٹ کے تاجر رہنما شاہ فیصل سے ملاقات میں کیا‘ اس موقع پر سلیم مہر بھی موجود تھے۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نوجوانوں کی اعلی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے ساتھ ان کے روشن مستقبل کے لئے خاطر خواہ اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں جدید طرز تعلیم کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے نوجوانوں کے لئے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں گے۔