کراچی 02جنوری(پی پی آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی شعبہ خواتین کی صدر عزیز فاطمہ،ضلعی صدور نرگس خان اور الماس خاتون نے کہا ہے کہ نئے سال میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس قانون سازی اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ کام کی جگہ، تعلیمی اداروں، اور پبلک مقامات پر ہراسانی کے خلاف قوانین کو مزید مضبوط کیا جائے۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی شعبہ خواتین کے ایک بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ گھریلو تشدد کے خلاف سخت اور فوری انصاف فراہم کرنے والے قوانین بنائے جائیں۔ ہراسانی اور تشدد سے متاثرہ خواتین کے لیے تحفظاتی شیلٹرز اور مالی معاونت کی اسکیمز کا اجرا کیا جائے۔ خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے جو مقررہ مدت میں فیصلے کریں۔ خواتین سے متعلق شکایات اور کیسز کے لیے تفتیشی عمل کو تیز اور شفاف بنایا جائے۔ جنسی تشدد کا شکارخواتین کو فوری انصاف دیا جائے اورمجرموں کے لیے سخت اور عبرتناک سزائیں مقرر کی جائیں۔ خواتین کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے خصوصی ہیلپ لائنز متعارف کرائی جائیں۔شکایات کے لیے ایپلی کیشنز اور آن لائن پورٹلز متعارف کرائے جائیں تاکہ خواتین آسانی سے اپنے مسائل رپورٹ کر سکیں۔رپورٹنگ کے عمل کو خفیہ رکھا جائے تاکہ متاثرہ خواتین بلا خوف و خطر رپورٹس درج کرا سکیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کے لیے مخصوص سیٹوں اور کمپارٹمنٹس کو یقینی بنایا جائے۔خواتین کے سفر کو محفوظ اور آرام دہ بنانے کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں۔ خواتین کو تحفظ فراہم کئے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا